چکمگلورو،7/فروری (ایس او نیوز) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف بہوجن کرانتی مورچہ کی کشمیر تا کنیا کماری پریورتن یاترا کے پیش نظر جوائنٹ ایکشن کمیٹی چکمگلورو کی جانب سے ایک احتجاجی اجلاس فرقانیہ شادی محل میں منعقد کیا گیا-جلسہ کی صدارت پروفیسر ولاس کرات نے کی-اجلاس میں مولانا عبد الحمید اظہری، رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ چدمبر بھارتی، وکاس چودھری ایودھیا، مولانا توفیق صدر راجیہ مسلم مورچہ حاضر رہے- رضوان خالد نے استقبال کیا-
وکاس چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کی صورتحال انتہائی خراب ہے- جس کے ذمہ دار وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ ہیں جنہوں نے آر ایس ایس کے اشارے پر ملک میں بدامنی پھیلائی ہے- انہوں نے کہا کہ برہمنوں کی نسل اسرائیل سے تعلق رکھتی ہے اصل میں انہیں شہریت ثابت کرنا ہے- انہوں نے کہا کہ در اصل برہمن دلت، پسماندہ، اقلیتی طبقات اور قبائیلوں کو غلام بنا کر رکھنا چاہتے ہیں اس لئے سی اے اے نافذ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جسے تمام کو متحد ہوکر ناکام کرنا ہے-
مولانا عبد الحمید اظہری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان پھوٹ ڈال کر حکومت کرنا چاہتی ہے جس کے لئے سی اے اے اور این آر سی جیسے آئین مخالف قوانین جاری کرنے کی کوشش کررہی ہے لیکن ہندوستان میں کسی بھی حالت میں ان قوانین کو لاگو ہونے نہیں دیاجائے گا اور بہوجن کرانتی مورچہ کی قیادت میں ملک بھر میں بی جے پی کا پردہ فاش کیا جارہا ہے-
پروفیسر ولاس کرات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت ای وی ایم میں بدعنوانیوں کے ذریعہ برسراقتدار آئی ہے اور یہ حکومت برہنموں اور یہودیوں کی ہے جس کے خلاف دلت، مسلم اور دیگر پسماندہ طبقات کو متحد ہونا ہے-
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی اس سازش کے خلاف بہوجن کرانتی مورچہ کی جانب سے ملک بھر میں یاترا نکالی جارہی ہے اور کرناٹک میں پریورتن یاترا کا اہتمام کیا گیاہے- جلسہ کی نظامت غوث منیر نے کی-
شہ نشین پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر محمد نصر اللہ شریف، مفتی توقیر احمد قاسمی، مفتی اصغر علی قاسمی، انجمن اسلامیہ کے وانڈی رزاق، عظمت، مسجد جامعہ فرقانیہ کے سابق متولی نصیر احمد، راہی قاسمی ودیگر حاضر رہے- ہونیش کے شکریہ کے ساتھ جلسہ اختتام کو پہنچا-